سیزفائر کا فیصلہ علاقائی امن کے لیے خوش آئند ہے: وزیراعظم شہباز شریف

11:24 PM, 10 May, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی سے متعلق اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت اور ان کے مؤثر کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ جنگ بندی خطے میں امن کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے جسے پاکستان نے خیرسگالی اور خطے کے وسیع تر مفاد میں قبول کیا۔ انہوں نے امریکی نائب صدر اور وزیر خارجہ کا بھی خطے میں امن کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں دہائیوں پر محیط مسائل نے خطے کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کو شدید متاثر کیا ہے، اور یہ حالیہ پیش رفت ان دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے ایک نئی راہ ہموار کر سکتی ہے۔

یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے کی گئی جارحیت کے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جسے "آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص" (آہنی دیوار) کا نام دیا گیا۔ اس دوران پاکستانی افواج نے بھارت کے متعدد اہم عسکری مقامات کو نشانہ بنایا۔

کارروائی میں آدم پور، ادھم پور، بٹھنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ سمیت کئی ائیربیسز اور تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا۔ بھارتی اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو، سرسہ اور ہلواڑا ائیرفیلڈز بھی تباہ کیے گئے۔

پاکستانی افواج نے "فتح-1" میزائل سسٹم کے ذریعے اہم اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ آدم پور میں جے ایف-17 تھنڈر طیارے سے داغے گئے ہائپر سونک میزائل کے ذریعے بھارت کا جدید ایس-400 ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کر دیا گیا، جس کی مالیت ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد بتائی گئی ہے۔

اس آپریشن کے بعد دونوں ممالک نے جنگ بندی پر اتفاق کیا، جسے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور امن کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

 
 

مزیدخبریں