'معرکہِ حق' حق و باطل کا فیصلہ کن معرکہ تھا، دشمن اپنی اوقات سے بڑے خواب دیکھ رہا تھا: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  کاجی ایچ کیو میں  خطاب 

09:48 AM, 10 May, 2026

راولپنڈی  :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان ایک ناقابلِ تسخیر حقیقت ہے اور دشمن کی ہر جارحیت کا جواب قومی وحدت اور جرات سے دیا جائے گا۔ 'معرکہِ حق' کی پہلی سالگرہ کے موقع پر جی ایچ کیو میں 'یومِ فتح' کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دشمن کو سخت وارننگ دی اور مستقبل کے دفاعی روڈ میپ کا اعلان کیا۔
فیلڈ مارشل نے انکشاف کیا کہ بھارت نے اپنی داخلی ناکامیوں کا الزام پاکستان پر لگا کر مہم جوئی کی کوشش کی، جس کا جواب آپریشن 'بُنْیَانٌ مَّرْصُوْص' سے دیا گیا۔ پاک فضائیہ اور فتح میزائلوں نے دشمن کے 26 سے زائد اسٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنایا۔انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کو اس جنگ میں شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا جس کی قیمت وہ آنے والے وقتوں تک چکاتا رہے گا۔ فیلڈ مارشل نے دوٹوک کہا کہ دشمن بھول گیا تھا کہ اس کے خواب اس کی صلاحیت سے بڑے ہیں، آئندہ مہم جوئی کے اثرات انتہائی خطرناک ہوں گے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مسلح افواج کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اہم اقدامات کا ذکر کیا ،     مستقبل کی جنگوں (ملٹی ڈومین آپریشنز) کے لیے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز قائم کر دیا گیا ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ ایک بڑا سنگ میل ہے، آج دنیا میں ہمارے دوستوں کی تعداد ماضی سے زیادہ ہے۔افغانستان اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردی کے مراکز کا خاتمہ کرے، آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
فیلڈ مارشل نے معرکہِ حق کے شہداء اور ان کے لواحقین کو 'سروں کا تاج' قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم ان کی قربانیوں کو امانت اور اپنی کامیابیوں کو اللہ کا احسان سمجھتے ہیں۔ انہوں نے اس تاریخی موقع پر قومی قیادت اور تمام سیاسی جماعتوں کے تعاون کا بھی شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں