لاہور، فیصل آباد:تاریخی 'معرکہِ حق' کی عظیم الشان فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر آج پورے ملک میں جشن کا سماں ہے۔ کراچی سے خیبر اور کشمیر سے گوادر تک، عوام نے سڑکوں پر نکل کر اپنی مسلح افواج کے ساتھ بے مثال محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ملک کے بڑے اور چھوٹے شہروں میں فتح کی خوشی میں تقاریب ہوئیں۔فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ، رحیم یار خان اور اوکاڑہ میں جشن کا خاص انتظام کیا گیا۔ رات بارہ بجتے ہی ان شہروں کا آسمان آتش بازی اور لیزر لائٹس شو سے جگمگا اٹھا، جسے دیکھنے کے لیے ہزاروں شہری سڑکوں پر امڈ آئے۔کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت تمام صوبائی دارالحکومتوں میں بڑی عوامی ریلیاں نکالی گئیں۔ شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ کشمیر سے گوادر تک شہر شہر میں پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی گئی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
ریلیوں کے شرکاء کا کہنا تھا کہ معرکہِ حق نے دشمن کے دانت کھٹے کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ مختلف مقامات پر لیزر لائٹس کے ذریعے آسمان پر 'یومِ فتح' اور 'معرکہِ حق' کے نعرے تحریر کیے گئے، جس نے فضا کو سحر انگیز بنا دیا۔شہروں کے چوراہوں پر قومی نغمے گونجتے رہے، جس پر نوجوان رقص کرتے دکھائی دیے۔
کئی شہروں میں شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی تصویری نمائشیں اور شمعیں روشن کی گئیں۔ ملک بھر کے پریس کلبوں کے باہر بھی شہریوں کی بڑی تعداد نے جمع ہو کر مسلح افواج کے حق میں قراردادیں منظور کیں۔
'معرکہِ حق' کی پہلی سالگرہ: ملک بھر میں جشنِ فتح، آسمان آتش بازی سے روشن، کراچی سے خیبر تک 'پاک فوج زندہ باد' کی گونج
10:13 AM, 10 May, 2026