کراچی: شہر کی اہم شاہراہ کو ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ کیلئے بند کرنے کا اعلان

10:25 AM, 10 Nov, 2025

کراچی: کراچی میں واٹر اینڈ سیوریج امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت نیپا چورنگی سے وفاقی اردو یونیورسٹی تک روڈ 10 نومبر سے 30 دسمبر تک بند رہے گا۔ روڈ کی بندش کا مقصد پانی کی نئی لائنیں بچھانے کے لئے کام کرنا ہے، جس کا آغاز وفاقی اردو یونیورسٹی سے کیا جائے گا، جب کہ دوسرے مرحلے میں حسن سکوائر سے نیپا چورنگی تک لائنوں کی تنصیب کی جائے گی۔

کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی حکام کا کہنا ہے کہ اس دوران ٹریفک کو نیپا چورنگی سے الہ دین پارک کی طرف موڑا جائے گا، جس سے شہریوں کو متبادل راستوں پر سفر کرنا پڑے گا۔ تاہم، اس منصوبے کے دوران شہریوں کو کافی مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے، خاص طور پر یونیورسٹی روڈ پر تعمیراتی کام کی وجہ سے۔

ریڈ لائن منصوبہ جو یونیورسٹی روڈ پر تعمیر ہو رہا ہے، کراچی کے شہریوں کے لئے ایک اور چیلنج بن چکا ہے۔ اس منصوبے کے باعث، سڑک پر چلنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے اور شہریوں کو معمول کے منٹوں کے سفر کے لئے گھنٹوں کی مسافت طے کرنی پڑتی ہے۔ حالیہ چند ماہ میں ریڈ لائن منصوبے کے دوران پانی کی لائن پھٹ جانے سے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی، جس سے لوگوں کو ٹینکر خریدنے پر مجبور ہونا پڑا۔

اس علاقے میں کراچی یونیورسٹی، این ای ڈی یونیورسٹی اور وفاقی اردو یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے بھی واقع ہیں، جس کے طلبا کو روزانہ آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ طلبا نے اس بات پر تشویش ظاہر کی ہے کہ منصوبے کی وجہ سے حادثات میں اضافہ ہوا ہے اور انہیں سڑک عبور کرنے کے لیے گروپ بنا کر چلنا پڑتا ہے۔

طلبا کا کہنا ہے کہ حکومت سے درخواست ہے کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ ان کی روزمرہ زندگی دوبارہ معمول پر آ سکے۔ شہریوں اور طلبا کی مشکلات کے پیش نظر، حکومت کو اس منصوبے کی تکمیل کی رفتار بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کی زندگی دوبارہ آسان ہو سکے۔

مزیدخبریں