اوپن اے آئی نے "سورا" ویڈیو میکر ایپلی کیشن اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کرادی

02:56 PM, 10 Nov, 2025

کیلیفورنیا : معروف آرٹیفیشل انٹیلی جنس کمپنی اوپن اے آئی نے اپنی نئی ویڈیو میکر ایپلی کیشن "سورا" کو اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف کروا دیا ہے۔ یہ ایپ بالکل ٹک ٹاک کی طرز پر کام کرتی ہے، جس میں صارفین تحریری ہدایات دے کر ویڈیوز تخلیق کر سکتے ہیں۔

مثال کے طور پر، اگر صارف یہ لکھے کہ وہ ٹوکیو کی سڑک پر سگنلز کی روشنیوں میں چل رہا ہے، تو ایپ خود بخود اس منظر کو ویڈیو کی شکل میں پیش کر دیتی ہے۔ شروع میں یہ ایپ صرف آئی او ایس صارفین کے لیے دستیاب تھی، جہاں اسے پانچ دن کے اندر 10 لاکھ سے زائد بار ڈاؤنلوڈ کیا گیا۔ اب اینڈرائیڈ ورژن بھی چند مخصوص ممالک میں دستیاب ہے، جن میں امریکا، کینیڈا، جاپان، جنوبی کوریا، تائیوان، تھائی لینڈ اور ویتنام شامل ہیں۔

اینڈرائیڈ ورژن میں صارفین 15 سیکنڈ تک کی ویڈیوز مفت بنا سکتے ہیں، جبکہ پرو سبسکرائبرز 25 سیکنڈ تک ویڈیوز تخلیق کر سکتے ہیں۔ ویڈیوز کو مختلف فارمیٹس میں بنایا جا سکتا ہے جیسے عمودی (Vertical)، مربع (Square) اور افقی (Landscape)، جو سوشل میڈیا پر شیئر کرنا مزید آسان بناتا ہے۔

فی الحال، اینڈرائیڈ ورژن دعوتی بنیادوں پر دستیاب ہے، یعنی ہر صارف اسے فوراً استعمال نہیں کر سکتا، لیکن مستقبل میں یہ ایپ تمام ممالک کے صارفین کے لیے دستیاب کر دی جائے گی۔

"سورا" ایپ کی مدد سے صارفین بغیر کسی ویڈیو شوٹنگ کے، صرف تحریری ہدایات سے منفرد ویڈیوز تخلیق کر سکتے ہیں، جو اس ٹیکنالوجی کی ایک نیا باب کھولتا ہے۔

مزیدخبریں