کیش لیس معیشت کی جانب منتقلی سے نہ صرف گورننس کی بہتری آئے گی بلکہ کرپشن میں بھی نمایاں کمی دیکھنے کو ملے گی، شہباز شریف

02:07 PM, 10 Nov, 2025

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کیش لیس معیشت کی جانب منتقلی سے نہ صرف گورننس کی بہتری آئے گی بلکہ کرپشن میں بھی نمایاں کمی دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کیش لیس معیشت کے مقررہ اہداف کا حصول معینہ مدت میں یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کیش لیس معیشت کے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں شرکاء کو وزیرِ اعظم کے کیش لیس معیشت کے ویژن کے تحت کیے گئے حکومتی اقدامات پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر ڈیجیٹل معیشت کی جانب تیزی سے گامزن دنیا کے ساتھ قدم ملا کر چلنا ہوگا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ معیشت کو کیش لیس کرنے کے اقدامات ملکی معیشت کی پائیدار ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس کے علاوہ، دیہی علاقوں میں آگاہی بڑھا کر غیر رسمی معیشت کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ رمضان المبارک میں ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مستحقین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے بھیجی گئی۔ انہوں نے اس عمل کو ایک اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ اس سے حکومت کی کوششوں میں مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ اب بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی کے لیے 'کیو آر' کوڈز کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے اربوں روپے کے بل ڈیجیٹل طریقے سے ادا کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ایک کروڑ ڈیجیٹل والٹس کی تکمیل کا عمل جاری ہے، جو رواں ماہ کے اختتام تک مکمل ہو جائے گا۔

مزید یہ کہ اسلام آباد میں سرکاری خدمات حاصل کرنے کے لیے ایک موبائل ایپلی کیشن کو راست کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے، جس سے ادائیگیاں ڈیجیٹل طریقے سے کی جا رہی ہیں۔ نئے کاروبار کے آغاز کے لیے لائسنس کو بھی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کے ساتھ مشروط کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، ملک بھر میں ڈیجیٹل بینکوں کے قیام کے لیے لائسنس جاری کیے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں