پاکستان سعودی عرب کے وژن 2030 سے معاشی و انتظامی اصلاحات کے حوالے سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب

12:19 PM, 10 Oct, 2025

اسلام آباد :  وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے وژن 2030 سے معاشی و انتظامی اصلاحات کے حوالے سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔

سعودی سرمایہ کاروں اور اوورسیز چیمبر آف کامرس سے ورچوئل خطاب میں وزیرِ خزانہ نے کہا کہ پاکستان سعودی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتا ہے، اور سعودی وژن 2030 کو عالمی سطح پر منفرد حیثیت حاصل ہو رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے حال ہی میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدے کی توثیق کی ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اور حکومتی اقدامات کے نتیجے میں ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے۔ ان کے مطابق تین بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے بھی پاکستان کے معاشی اشاریوں کو مثبت قرار دیا ہے۔

وزیرِ خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت توانائی، ٹیکس اور دیگر شعبوں میں بنیادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور یہ عمل تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور کیش لیس معیشت کی سمت پیش رفت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت میں ڈیجیٹائزیشن کے فروغ سے شفافیت آئے گی اور نظام زیادہ مؤثر بنے گا۔ وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ وہ آئی ایم ایف کی سالانہ میٹنگ میں شرکت کے لیے آج رات واشنگٹن روانہ ہوں گے۔ ان کے بقول، سیلاب زدگان کی بحالی حکومت کے لیے اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔

مزیدخبریں