پنجاب پبلک سروس کمیشن میں ایس ڈی او پیرا کے پیپرز ملتوی

01:53 PM, 10 Oct, 2025

لاہور :  پنجاب کے مختلف شہروں میں دفعہ 144 نافذ ہونے کے باعث ایس ڈی او پیرا (SDO PHE/Para) کے امتحانات ملتوی کر دیے گئے۔

پنجاب پبلک سروس کمیشن (PPSC) کے تحت یہ امتحانات 11 اور 12 اکتوبر کو لاہور سمیت صوبے کے مختلف شہروں میں منعقد کیے جانے تھے۔

امتحانات کی منسوخی کا فیصلہ چیئرمین پی پی ایس سی لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا، جس میں سیکرٹری محمد افضال احمد، ممبر مرزا سہیل عامر اور ممبر عارف نواز خان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران انچارج ایگزمینیشن کنڈکٹ رانا راحت امین نے صوبے کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی، جس کے بعد امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ترجمان پی پی ایس سی سید کاظم مقدس کاظمی کے مطابق، امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ امتحانات کی منسوخی کا نوٹیفکیشن پنجاب پبلک سروس کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں