سونے کی قیمتوں میں گراوٹ، چاندی نے نیا ریکارڈ قائم کر دیا

07:06 PM, 10 Oct, 2025

کراچی: سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے جہاں عالمی سطح پر اور ملکی مارکیٹ میں سونا ہزاروں روپے سستا ہو گیا ہے، جبکہ چاندی کی قیمتوں نے اپنی بلند ترین سطح کو چھو لیا ہے۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط خالص سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 578 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے، جس کے بعد یہ 4 لاکھ 20 ہزار 600 روپے پر بند ہوئی ہے۔ یہ قیمت گزشتہ روز 4 لاکھ 25 ہزار 178 روپے کی بلند ترین سطح پر تھی۔

اسی طرح، 24 قیراط 10 گرام سونا 3 ہزار 924 روپے کی گراوٹ کے ساتھ 3 لاکھ 60 ہزار 597 روپے ہو گیا، جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 30 ہزار 547 روپے رہی۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، جہاں سونا فی اونس 44 ڈالر کی کمی کے بعد 3 ہزار 995 ڈالر پر آ گیا ہے۔

دوسری جانب، چاندی کی قیمتوں میں اضافہ جاری ہے اور یہ اپنی نئی بلندیوں پر پہنچ گئی ہے۔ 24 قیراط فی تولہ چاندی کی قیمت 34 روپے بڑھ کر 5 ہزار 100 روپے ہو گئی ہے، جبکہ 24 قیراط 10 گرام چاندی 29.42 روپے اضافے کے ساتھ 4 ہزار 372 روپے تک جا پہنچی ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی چاندی کی قیمت 50.13 ڈالر فی اونس کے ریکارڈ پر ہے۔

مزیدخبریں