ایم ڈی کیٹ امتحان، بلو ٹوتھ سے نقل کرنیوالے طلبا وطالبات پکڑے گئے 

ایم ڈی کیٹ امتحان، بلو ٹوتھ سے نقل کرنیوالے طلبا وطالبات پکڑے گئے 

پشاور:پشاور میں میڈیکل کالجز داخلوں کیلئے ہونیوالے ایم ڈی کیٹ  امتحان کے دوران خفیہ بلو ٹوتھ ڈیوائس استعمال کرنیوالے درجنوں طلباءو طالبات کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔متعلقہ طلبا کیخلاف یو ایم سی  کیسز بنا کرپولیس کے حوالے کردیا گیا ۔ طلبا کو بلو ٹوتھ ڈیوائسز ایک منظم گروہ نے ٹیسٹ حل کرانے کیلئے لاکھوں روپے کے عوض فراہم کی تھیں۔

پولیس حکام کے مطابق نقل کرنے والے 43 طلبا کے خلاف ایف آئی آردرج کی گئی ہے۔ایف آئی آر میں 20 طالبات کے نام بھی شامل ہیں۔پولیس حکام کے مطابق ایف آئی آر میں 419 اور 420 کی دفعات شامل ہیں۔

مقدمات تھانہ شرقی ، فقیر آباد اور  پہاڑی پورہ میں درج کیےگئے ہیں، امتحانی ہال میں طلبا سے بلو ٹوتھ ڈیوائس برآمد ہوئی تھیں۔ چیکنگ کے دوران درجنوں طلباءو طالبات سے ایک ہی قسم کی خصوصی بلو ٹوتھ ڈیوائسز برآمد کی گئیں۔ سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم  کے مطابق گروہ نے ٹیسٹ میں مدد دینے لاکھوں روپے کے عوض طلبا کو خصوصی بلو ٹوتھ ڈیوائسز فراہم کی تھیں ،گرفتارطلبا سے تفتیش شروع کردی گئی ہے اور ڈیوائسز فراہم کرنیوالوں کی نشاندہی کیلئے انکوائری شروع کردی گئی ہے۔پشاور سمیت خیبرپختونخوا سے ایم ڈی ٹیسٹ کیلئے 44ہزار سے زائد طلبا ءو طالبات نے حصہ لیا ، ٹیسٹ کیلئے صوبے کے مختلف شہریوںمیں امتحانی سنٹرزقائم کئے گئے تھے۔

مصنف کے بارے میں