کراچی میں بارش کے باعث آج تعلیمی ادارے بند رہیں گے

09:37 AM, 10 Sep, 2025

کراچی : کراچی میں جاری بارشوں کے پیش نظر آج  شہر بھر کے تمام اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی کے مطابق بارش کی صورتحال کے باعث طلبہ کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

ادھر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں آج ہونے والے تمام امتحانات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سے کراچی کے مختلف علاقوں، جن میں ملیر، قائدآباد، شاہ فیصل کالونی، سرجانی ٹاؤن، صفورا، گلستان جوہر، سہراب گوٹھ، صدر، کلفٹن اور شاہراہِ فیصل شامل ہیں، میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے باعث کئی سڑکیں زیرِ آب آ چکی ہیں اور شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں۔

مزیدخبریں