اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کی تصنیف کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اعزاز احمد چوہدری نے پاکستان کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور ان کی کاوشیں ملکی سفارت کاری میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو ہمیشہ دو قومی نظریے کے تناظر میں سمجھنا چاہیے، کیونکہ پاکستان نے کبھی بھی جارحیت کا راستہ اختیار نہیں کیا بلکہ خطے میں امن کے قیام کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کو ہر بار ناکام بنایا اور ملکی دفاع میں اپنی قربانیاں دی ہیں۔ عطاء اللہ تارڑ نے بھارتی حکومت پر اقلیتوں کے ساتھ ظلم و ستم، دہشت گردی اور پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے۔
وزیر اطلاعات نے کینیڈا اور دیگر ممالک میں سکھوں کے قتل کے واقعات کو بھارتی دہشت گردی کا واضح ثبوت قرار دیا اور کہا کہ پاکستان نے کامیاب سفارت کاری کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا نقطہ نظر مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور ہماری افواج نے نہ صرف ملک بلکہ دنیا کو بھی محفوظ بنانے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، اور پاکستان ہمیشہ امن، انصاف اور استحکام کا علمبردار رہا ہے۔