کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل الرٹ ہے، اور اگر آئندہ بارشوں کا سلسلہ نہ چلا تو آئندہ چند گھنٹوں میں حالات معمول پر آ سکتے ہیں۔
ایک بیان میں شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ بھر میں بارشوں اور دریاؤں میں پانی کے بڑھتے ہوئے بہاؤ کے باعث بڑے پیمانے پر ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہیں۔ ان کے مطابق کراچی سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں صورتحال بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شدید بارشوں اور ڈیمز کے بھرنے کے باعث لیاری ندی اور ملیر ندی میں طغیانی آئی، جب کہ سمندر میں اونچی لہروں کے باعث بارش کے پانی کے اخراج میں تاخیر ہوئی، جس سے نشیبی علاقوں کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم حکومت سندھ اور متعلقہ ادارے مکمل چوکنا اور متحرک ہیں۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی نگرانی میں شہری حکومت، پی ڈی ایم اے اور دیگر ادارے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کچہ کے ممکنہ متاثرہ علاقوں سے 4,881 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جب کہ مجموعی طور پر اب تک 1,46,492 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے۔
سندھ حکومت کے قائم کردہ 163 فکسڈ اور موبائل ہیلتھ سینٹرز کے ذریعے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5,296 افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی، جب کہ مجموعی طور پر 55,336 افراد کو علاج کی سہولیات دی جا چکی ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11,078 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، اور اب تک مجموعی طور پر 4,00,018 مویشی محفوظ کیے جا چکے ہیں۔ اسی طرح گزشتہ ایک دن میں 58,166 مویشیوں کو ویکسین اور علاج دیا گیا، جب کہ مجموعی طور پر 10,32,991 مویشیوں کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔
شرجیل میمن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔