لاہور:سابق رکنِ قومی اسمبلی جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں دائر چار مختلف درخواستوں پر سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ دیگر جج صاحبان میں جسٹس حسن نواز مخدوم اور جسٹس خالد اسحاق شامل تھے۔
عدالت نے سماعت کے دوران اٹارنی جنرل آف پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی۔ ساتھ ہی تحریری دلائل جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا۔ اٹارنی جنرل کی عدم حاضری پر عدالت نے ناراضی کا اظہار کیا جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد نے جواب داخل کرانے کے لیے مہلت مانگی۔
عدالت نے سپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کے وکلاء کو بھی نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ ساتھ ہی ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ سماعت سے کیس کو روزانہ کی بنیاد پر سنا جائے گا تاکہ جلد فیصلہ ہو سکے۔
یاد رہے کہ عدالت کی جانب سے این اے 175 مظفرگڑھ کے حلقے میں انتخابات کا شیڈول معطل کیا جا چکا ہے۔ جمشید دستی نے اپنی درخواست میں الیکشن کمیشن کے فیصلے اور عدالتی دائرہ اختیار کو چیلنج کر رکھا ہے۔