دوحہ / واشنگٹن:قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسرائیلی فضائی حملے کے بعد دنیا بھر کی تیل منڈیوں میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے، اور خام تیل کی قیمتوں میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں ڈیلو ٹی آئی (WTI) خام تیل کی قیمت میں 0.6 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد فی بیرل قیمت 62 ڈالر 63 سینٹ ہو گئی ہے۔ اسی طرح برینٹ (Brent) خام تیل بھی 0.6 فیصد مہنگا ہو کر 66 ڈالر 39 سینٹ فی بیرل تک پہنچ چکا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق خطے میں جنگ کے پھیلاؤ کے خدشے اور توانائی کی فراہمی متاثر ہونے کے امکانات کے باعث سرمایہ کاروں میں بے یقینی بڑھ گئی ہے، جس نے منڈیوں پر فوری اثر ڈالا ہے۔
دوسری جانب، قطر نے اسرائیل کے اس حملے پر شدید ردعمل دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے حماس رہنماؤں کے ایک مشاورتی اجلاس کے دوران دوحہ کی ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا، جس میں حماس رہنما خلیل الحیہ کا بیٹا سمیت 6 افراد شہید ہو گئے، تاہم تنظیم کی مرکزی قیادت محفوظ رہی۔
واقعے کے بعد قطری وزیراعظم نے اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کا اعلان کیا ہے، جس سے خلیج میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔