پاکستان کی بیٹنگ فلاپ، انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں صرف 133 رنز

08:36 AM, 10 Sep, 2026

ایجبسٹن :انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی بیٹنگ ایک بار پھر توقعات پر پورا نہ اتر سکی اور قومی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 133 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ سعود شکیل 43 رنز کے ساتھ پاکستان کے سب سے کامیاب بلے باز رہے۔

ٹاس جیت کر انگلینڈ نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کیا گیا تو ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد پوری بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار ہوگئی۔ سعود شکیل نے مزاحمت کرتے ہوئے 43 رنز بنائے، جبکہ محمد عباس 21 اور رضا اللہ 11 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

قومی ٹیم کے دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ کپتان بابراعظم 7، صائم ایوب صفر، اذان اویس 9، عبداللہ شفیق 3، شان مسعود 5، غازی غوری 4 اور محمد عمران 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوش نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اولی رابنسن اور جوفرا آرچر نے 3،3 پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

تیسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان نے تین کھلاڑیوں کو ڈیبیو کا موقع دیا۔ غازی غوری، رضا اللہ اور عمران رندھاوا کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔ غازی غوری کو سعود شکیل نے ٹیسٹ کیپ پہنائی، جبکہ رضا اللہ اور عمران رندھاوا کو بالترتیب محمد عباس اور بابراعظم نے ٹیسٹ کیپ دی۔

تین میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو پہلے ہی 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، جس کے باعث پاکستان کے لیے یہ میچ سیریز میں وائٹ واش سے بچنے کا اہم موقع ہے۔

دریں اثنا کپتان بابراعظم نے ٹیم میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں پر بھی اظہار خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لارڈز ٹیسٹ کے بعد کیے گئے فیصلوں سے انہیں بھی براہِ راست آگاہ نہیں کیا گیا اور تبدیلیاں ان کی مشاورت یا منظوری کے بغیر ہوئیں۔

بابراعظم کے مطابق انہیں ان تبدیلیوں کا علم پاکستان کرکٹ بورڈ کے باضابطہ بیان کے ذریعے ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سلیکشن نظام کے تحت بطور کپتان انہیں ٹیم سے متعلق اہم فیصلوں کے عمل میں شامل ہونا چاہیے تھا۔

مزیدخبریں