منسک: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بیلاروس کے دورے پر منسک پہنچے، جہاں ایوانِ آزادی آمد پر بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے گلے مل کر خیرمقدم کیا، جبکہ وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
استقبالیہ تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور بیلاروس کی افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو سلامی پیش کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
بعد ازاں، وزیراعظم اور صدر بیلاروس نے وفود کا تعارف کرایا، جس کے بعد باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر دونوں رہنما دو طرفہ ملاقات کریں گے، جبکہ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ ملاقات میں تجارت، معیشت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی جائے گی، اور پاکستان و بیلاروس کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔