دولہا کو شادی میں نوٹ نچھاور کرنے پر 6 ماہ قید کی سزا

03:34 PM, 11 Apr, 2025

نائجیریا:نائجیریا میں ایک دولہے کو اپنی شادی کی تقریب میں خوشی کا اظہار کرنے پر 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔ عبداللہ موسیٰ حسینی نے اپنی شادی کے دوران روایتی طور پر ڈانس کرتے ہوئے ایک لاکھ نائجیرین نایرا نچھاور کیے، جس پر اسے 'پیسے کے ناجائز استعمال' کا مرتکب قرار دیا گیا۔

نائجیریا کے اکنامک اینڈ فنانشل کرائمز کمیشن نے اس حرکت کو ملکی کرنسی کی بے حرمتی کے مترادف قرار دیا، کیونکہ ملک میں 2007 کے مرکزی بینک ایکٹ کے تحت نوٹ نچھاور کرنا یا ان پر رقص کرنا جرم سمجھا جاتا ہے۔ اس کے تحت قید یا جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔

عبداللہ حسینی نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کیا، جس کے نتیجے میں کانو ہائیکورٹ نے اسے چھ ماہ قید کی سزا سنائی۔ سوشل میڈیا پر اس فیصلے پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں عوام نے اس فیصلے کو غیر متوازن اور غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔ ایک صارف نے کہا، "اگر اس ملک میں عوام کے پیسے لوٹنے والے آزاد ہیں، تو شادی کی خوشی منانے والے کو جیل میں کیوں ڈالا گیا؟"

یہ پہلا موقع نہیں کہ نائجیریا میں کسی کو اس جرم پر سزا دی گئی ہو، کیونکہ اس سے قبل ایک اداکارہ اور ایک ٹرانسجینڈر بھی اسی جرم پر قید کی سزا بھگت چکے ہیں۔

مزیدخبریں