اسلام آباد: جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے لاہور ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس باقر علی نجفی کو سپریم کورٹ میں تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت اجلاس میں جسٹس نجفی کی تقرری کا فیصلہ ڈھائی گھنٹے طویل مشاورت کے بعد کیا گیا، جہاں کمیشن کے اراکین نے اکثریتی رائے سے تقرری کی توثیق کی۔
ذرائع کے مطابق، اجلاس میں دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے۔ جن میں چار ریٹائرڈ ججز کو جوڈیشل کمیشن کے نئے اراکین کے طور پر شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ ان میں جسٹس (ر) مقبول باقر، جسٹس (ر) نذیر لانگو، جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس (ر) شاکر اللہ جان شامل ہیں۔
علاوہ ازیں، جسٹس شجاعت علی خان سے متعلق بعض ریمارکس حذف کرنے کی متفقہ منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے دو اراکین نے بھی جسٹس نجفی کی تقرری کی حمایت کی۔