ملتان: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں سیزن میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ان کی ٹیم پی ایس ایل 10 میں بہترین کارکردگی پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ "ہماری ٹیم کے تمام کھلاڑی میچ جیتنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔"
میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ "پاکستان کے عوام ہم سے بہت محبت کرتے ہیں اور ان کا ہم پر غصہ ہونا بالکل جائز ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستان کے کرکٹ شائقین نے ہمیشہ ہمیں سپورٹ کیا ہے، اور ہم ان کی توقعات پر پورا اُترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔"
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں تمام اچھے کھلاڑی اور کوچز موجود ہیں، تاہم ان کی ٹیم میں پروفیشنل کھلاڑیوں کی کمی ہے۔ پی ایس ایل کو ایک الگ ایونٹ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "یہ ایونٹ شائقین کی دلچسپی کا مرکز بنتا ہے، اور ہماری پوری کوشش ہوگی کہ ہم ان کی امیدوں پر پورا اُتر سکیں۔"
انہوں نے اپنی ٹیم کی پوزیشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ "ملتان سلطانز میں یہ ایک اچھی بات ہے کہ تمام اہم فیصلے میرے ہاتھ میں ہیں۔" انہوں نے تسلیم کیا کہ "انٹرنیشنل میچز میں شکست پر فینز کا ناراض ہونا ان کا حق ہے اور ہمیں اس بات کا پورا احساس ہے۔"