اسلام آباد:پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے ایران کے اعلیٰ سطح کے وفد نے اسلام آباد کا اہم دورہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی پارلیمنٹ (مجلس) کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا وزیراعظم ہاؤس آمد پر پرجوش استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
ایرانی وفد کی اسلام آباد آمد پر ریاستِ پاکستان کی جانب سے انتہائی معتبر پروٹوکول دیا گیا۔ استقبالیہ ٹیم میں درج ذیل اہم شخصیات نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزیرِ داخلہ، عسکری قیادت کے نمائندگان شامل تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی حجم میں اضافے اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے ایران کے ساتھ مضبوط سفارتی اور اقتصادی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون وقت کی ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں اطراف سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاک ،ایران سرحد کو "امن اور دوستی کی سرحد" کے طور پر مزید مستحکم کیا جائے گا اور توانائی سمیت دیگر اہم منصوبوں پر مل کر کام کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں پاک، ایران اعلیٰ سطح مذاکرات: وزیراعظم کی ایرانی سپیکر اور وزیرِ خارجہ سے ملاقات، پرتپاک استقبال
04:41 PM, 11 Apr, 2026