ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار اور “مسٹر پرفیکشنسٹ” عامر خان نے اپنی پہلی اہلیہ رینا دتہ سے علیحدگی کے بعد پیش آنے والے مشکل دور اور ذاتی زندگی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی ہے۔
عامر خان کے مطابق طلاق کے بعد وہ جذباتی طور پر ایک نہایت کٹھن مرحلے سے گزرے، کیونکہ وہ اس سے قبل شراب نوشی کے عادی نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب رینا دتہ بچوں کے ہمراہ گھر چھوڑ کر چلی گئیں تو وہ تنہائی کا شکار ہو گئے۔
اداکار نے بتایا کہ اسی دوران گھر میں موجود شراب انہوں نے پہلی مرتبہ آزمانے کا فیصلہ کیا، جو بعد میں ایک عادت کی صورت اختیار کر گئی۔ ان کے مطابق تقریباً ڈیڑھ سال تک وہ اکثر رات کے وقت شراب پیتے رہے، جو ان کے لیے ایک غیر معمولی اور مشکل دور تھا۔
عامر خان نے اعتراف کیا کہ یہ وقت ان کی زندگی کا انتہائی جذباتی اور کمزور مرحلہ تھا، تاہم وقت کے ساتھ انہوں نے خود کو سنبھالا اور ذاتی و پیشہ ورانہ زندگی میں آگے بڑھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی شادی کا اختتام دونوں خاندانوں کے لیے مشکل تھا، مگر انہوں نے صورتحال کو سمجھداری سے سنبھالنے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ عامر خان نے 1986 میں رینا دتہ سے شادی کی تھی، جو 2002 میں طلاق پر ختم ہوئی۔ دونوں کے دو بچے ایرا اور جنید ہیں۔
بعد ازاں عامر خان نے 2005 میں فلم ساز کرن راؤ سے شادی کی، تاہم 2021 میں دونوں نے علیحدگی کا اعلان کیا۔ اس کے بعد 2025 میں انہوں نے اپنی ساتھی گوری سپاٹ کو عوامی طور پر متعارف کرایا۔