ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں 5 وکٹوں سے شکست دے دی، سیریز 1-1 سے برابر

09:23 AM, 11 Aug, 2025

ٹرینیڈاڈ: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

پاکستان نے بیٹنگ کی دعوت پر اننگز کا آغاز کیا، جہاں صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا، مگر دونوں اوپنرز جلد ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔ صائم ایوب 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ بابر اعظم بغیر کسی اسکور کے چلتے بنے۔

16 اوورز مکمل ہونے پر بارش نے میچ میں رکاوٹ ڈالی اور تقریباً ایک گھنٹہ کھیل رک گیا۔ بارش کے بعد میچ بغیر کسی تبدیلی کے دوبارہ شروع کیا گیا، لیکن پاکستان کی تیسری وکٹ عبداللہ شفیق کی گری جو 26 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے۔

پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے 16، حسین طلعت نے 31 اور سلمان آغا نے 9 رنز بنائے۔ 33.5 اوورز میں پاکستان 6 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنا چکا تھا کہ دوبارہ بارش شروع ہوگئی۔

میچ کو بارش کے باعث تین بار روکا گیا۔ آخرکار پاکستان نے 171 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کو 181 رنز کا ہدف دیا، جو 35 اوورز میں مکمل کرنا تھا۔

ویسٹ انڈیز نے 181 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ شرفین ردر فورڈ 45، شائے ہوپ 32، کیسی کارٹی 16، ایون لوئس 7 اور برینڈن کنگ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ روسٹن چیز نے میچ جیتنے والی اننگز کھیلتے ہوئے 49 رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔سیریز کا فیصلہ کن میچ 12 اگست کو کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں