الجزیرہ کے پانچ صحافی غزہ میں اسرائیلی ٹارگٹڈ حملے میں شہید

10:24 AM, 11 Aug, 2025

دوحہ: قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے تصدیق کی ہے کہ غزہ شہر کے الشفا ہسپتال کے قریب ایک اسرائیلی ٹارگٹڈ حملے میں الجزیرہ کے پانچ صحافی شہید ہو گئے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں نامہ نگار انس الشریف، محمد قرائیا اور کیمرہ مین ابراہیم ظہیر، محمد نوفل اور مومین علیوا شامل ہیں۔

الجزیرہ کے مطابق صحافی ہسپتال کے مرکزی دروازے پر صحافیوں کے لیے بنے خیمے میں موجود تھے جب اس خیمے کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے فوراً حملے کی تصدیق کی اور انس الشریف کو حماس کے دہشت گرد سیل کے سربراہ ہونے کا الزام عائد کیا۔

الجزیرہ کے منیجنگ ایڈیٹر محمد معوض نے بی بی سی کو بتایا کہ انس الشریف غزہ کی پٹی میں ایک معتبر اور معروف صحافی تھے جو فرنٹ لائن سے نہیں بلکہ خیمے میں رہ کر رپورٹنگ کرتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت غزہ میں آزادانہ صحافت کو دبانا چاہتی ہے۔

کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 186 صحافی شہید ہو چکے ہیں۔ غزہ میں جاری اسرائیلی بمباری میں اب تک 662 فلسطینی کھلاڑی اور سپورٹس عہدیدار بھی شہید ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں