تہران : ایران ایئر نے اب کوئٹہ، زاہدان اور مشہد کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ خوشخبری پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مدثر نے سوشل میڈیا پر دی ہے۔
مدثر نے کہا کہ یہ پروازیں تین تاریخی شہروں کو آپس میں جوڑیں گی، اور یہ سہولت لوگوں کا طویل عرصے سے مطالبہ تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان نئی پروازوں سے نہ صرف کاروبار اور سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ دونوں ممالک کے لوگوں کے روابط بھی مضبوط ہوں گے۔
ایرانی سفیر نے بتایا کہ دونوں ممالک کی جغرافیائی اہمیت اور اقتصادی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فضائی رابطوں کو مزید بڑھانے کے لیے کام جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ کوئٹہ سے ایران کے ان شہروں کے لیے براہ راست پروازیں پاکستانی زائرین کے لیے بھی کافی فائدہ مند ثابت ہوں گی۔