لاہور : پاکستان کرکٹ کے لیجنڈ اور لٹل ماسٹر کہلانے والے حنیف محمد کو آج ان کے انتقال کو نو سال ہو گئے۔ وہ نہ صرف بے شمار ریکارڈز کے مالک تھے بلکہ اپنے کھیل اور شخصیت سے پورے ملک کے دل جیت گئے تھے۔
حنیف محمد کا نام آئی سی سی کرکٹ ہال آف فیم میں بھی شامل ہے اور پاکستان کی طرف سے پہلی ٹرپل سنچری بنانے والے وہ واحد کھلاڑی تھے۔ 21 دسمبر 1934 کو جونا گڑھ میں پیدا ہونے والے حنیف محمد نے 55 ٹیسٹ میچز میں 3,915 رنز بنائے جن میں 12 سنچریاں اور 15 ففٹیز شامل ہیں۔ ان کی تاریخی 337 رنز کی اننگز 1958 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف برج ٹاون ٹیسٹ میں کھیلی گئی، جو پاکستان کی پہلی ٹرپل سنچری تھی اور اس اننگز نے پاکستان کو شکست سے بچایا تھا۔
کرکٹ کا شوق ان کے خاندان میں تھا، ان کے بھائی وزیر محمد، رئیس محمد، مشتاق محمد اور صادق محمد بھی پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، جبکہ ان کی والدہ امیر بی بی بھی بیڈمنٹن کی چیمپئن رہ چکی تھیں۔
حنیف محمد نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی ایک عظیم ریکارڈ قائم کیا تھا جب انہوں نے 1959 میں کراچی کی جانب سے 499 رنز بنائے، جو اس وقت دنیا کا سب سے بڑا سکور تھا۔
طویل بیماری کے بعد حنیف محمد 11 اگست 2016 کو کراچی میں وفات پا گئے۔ ان کی آخری خواہش تھی کہ ان کے نام سے کرکٹ اکیڈمی بنائی جائے تاکہ ملک کو نئے ٹیلنٹ مل سکیں۔ ان کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے گوگل نے ان کی برسی پر ڈوڈل بھی بنایا تھا۔
آج بھی پاکستان کرکٹ کے شائقین اور نوجوان کھلاڑی لٹل ماسٹر کی یاد میں خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کرکٹ کو ایک نئی پہچان دی۔