بہاولپور : آرمی یوتھ انگیجمنٹ پروگرام کے تحت بہاولپور ڈویژن کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے طلبہ و طالبات نے چولستان میں جاری گرین پاکستان انیشی ایٹو کے منصوبوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی سے متعلق سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔
اس مطالعاتی دورے میں طلبہ نے شجرکاری کے مقامات، جدید آبپاشی کے نظام اور دیگر ماحول دوست اقدامات کو قریب سے دیکھا اور مقامی ماہرین سے براہِ راست سوالات کر کے ان منصوبوں کی تکنیکی تفصیلات جانیں۔
طلبہ کا کہنا تھا کہ اس تجربے نے ان کی سوچ میں مثبت تبدیلی پیدا کی ہے۔ انہیں ماحولیاتی مسائل کو سائنسی انداز سے سمجھنے کا موقع ملا، جو ان کی تعلیمی اور ذاتی تربیت کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوا۔
شرکاء نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ آرمی اور حکومت پاکستان نوجوان نسل کو نہ صرف قومی ترقی کے منصوبوں میں شامل کر رہی ہے، بلکہ انہیں براہِ راست سیکھنے اور سوچنے کے مواقع بھی دے رہی ہے۔
طلبہ و طالبات نے ان منصوبوں کو پاکستان کے سبز مستقبل کی جانب ایک مضبوط قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ کوششیں آنے والی نسلوں کے لیے ایک قابلِ فخر ورثہ بنیں گی۔