سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کا دوسرا مرحلہ شروع

02:14 PM, 11 Aug, 2025

اسلام آباد: سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی کا دوسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس مرحلے میں اب غیر رجسٹرڈ عازمین بھی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکیم کے لیے اب تک صرف 60.3 فیصد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جبکہ 39.7 فیصد کوٹہ اب بھی خالی ہے۔ اب تک 71 ہزار 286 رجسٹرڈ عازمین نے بینکوں میں اپنی درخواستیں جمع کرائی ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 1 لاکھ 18 ہزار 210 افراد کے کوٹے میں سے 46 ہزار 924 نشستیں تاحال دستیاب ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی کوٹہ مکمل ہو جائے گا، درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔ حج اخراجات کی پہلی قسط کے ساتھ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 16 اگست مقرر کی گئی ہے۔

لانگ (طویل دورانیے) حج کے لیے پہلی قسط 5 لاکھ روپے جبکہ شارٹ (مختصر دورانیے) حج کے لیے ساڑھے 5 لاکھ روپے جمع کرانے ہوں گے۔

مزید برآں، بیرونِ ملک مقیم پاکستانی بھی اپنے قریبی عزیزوں کے ذریعے پاکستان میں بینکوں میں درخواست جمع کرا سکتے ہیں، تاہم انہیں وطن واپسی پر میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی جمع کرانا ہوگا۔

مزیدخبریں