لاہور: نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے مسافر بردار گاڑیوں میں سفر کرنے والے تمام افراد کے لیے سیٹ بیلٹ کا استعمال لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق بسوں، کوچز اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ پر یکساں ہوگا۔
موٹروے پولیس کے مطابق بس ڈرائیورز اور ان کا عملہ ہر صورت سیٹ بیلٹ پہننے کو یقینی بنائیں، جبکہ مسافروں کو بھی دورانِ سفر سیٹ بیلٹ استعمال کرنا ہوگا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سیٹ بیلٹ نہ صرف حادثے کی صورت میں شدید چوٹوں سے محفوظ رکھتی ہے بلکہ گاڑی کے الٹنے یا اچانک جھٹکوں کے دوران بھی تحفظ فراہم کرتی ہے۔
قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں نہ صرف ڈرائیور بلکہ سیٹ بیلٹ نہ پہننے والے مسافروں پر بھی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اس اقدام کا مقصد پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کو محفوظ بنانا اور حادثات کے دوران انسانی جانوں کا ضیاع کم کرنا ہے۔