دشمن کو عبرت ناک شکست دی گئی، سندھ طاس معاہدے کی معطلی ناقابل قبول ہے:بلاول بھٹو

06:49 PM, 11 Aug, 2025

بھٹ شاہ :چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھٹ شاہ میں شاہ عبداللطیف بھٹائی کے مزار پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مزار پر دوسری بار آئے ہیں اور ہم سب عبداللطیف بھٹائی کے عقیدت مند ہیں۔ انہوں نے افواج پاکستان کی شاندار کارکردگی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ ہم نے شروع نہیں کی، مگر بھرپور انداز میں لڑائی مکمل کی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جنگ میں بھارت کو عبرت ناک شکست دی گئی اور مودی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا وعدہ پورا کریں گے۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو پاکستان پر حملہ قرار دیا اور کہا کہ پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی زندگی کی لائف لائن ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر محاذ پر بھارت کو شکست دی ہے اور سندھو دریا پر حملے کے خلاف دنیا بھر میں آواز اٹھائی گئی۔ نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر بھارت کے خلاف بھرپور مزاحمت کی اور کامیاب سفارتکاری کے ذریعے بھارت کے جھوٹ کو بے نقاب کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے عوام کو یقین دلایا کہ پاکستان کی طاقت اتنی ہے کہ وہ 6 میں سے تمام دریا واپس حاصل کر سکتا ہے۔ اگر جنگ چھیڑی گئی تو مودی کو واضح کر دیں گے کہ پاکستان کبھی جھکے گا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر جنگ مسلط کی، تاہم تمام سیاسی جماعتوں نے اختلافات بھلا کر ملک کا دفاع کیا۔

مزیدخبریں