1992 ورلڈکپ فائنل میں وسیم اکرم کا اسپیل کبھی نہیں بھول سکتا، کگیسو ربادا

10:17 AM, 11 Aug, 2026

لاہور : جنوبی افریقہ کے سٹار فاسٹ بولر کگیسو ربادا نے پاکستان کے سابق عظیم فاسٹ بولر وسیم اکرم کی 1992 کے ورلڈ کپ فائنل میں انگلینڈ کے خلاف شاندار بولنگ کو اپنے پسندیدہ ورلڈ کپ لمحات میں شامل کیا ہے۔

کگیسو ربادا کا کہنا ہے کہ وہ فائنل میں وسیم اکرم کی فیصلہ کن کارکردگی کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ ان کے مطابق وسیم اکرم نے میچ کے اہم ترین مرحلے میں انگلینڈ کی بیٹنگ کو مشکلات سے دوچار کیا اور پاکستان کی تاریخی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کیا۔

جنوبی افریقی فاسٹ بولر نے وسیم اکرم کی بولنگ میں موجود رفتار، کنٹرول اور غیر معمولی مہارت کو خاص طور پر سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ وسیم اکرم کی میدان میں موجودگی ہی مخالف ٹیم پر دباؤ ڈالنے کے لیے کافی محسوس ہوتی تھی۔

ربادا کے مطابق وسیم اکرم جب گیند تھام کر رن اپ لیتے تھے تو ان کے انداز اور باڈی لینگویج سے ان کی جارحیت اور جیت کی خواہش نمایاں ہوتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ 1992 کے ورلڈ کپ فائنل میں وسیم اکرم کی کارکردگی صرف ان کی بولنگ صلاحیتوں کا مظہر نہیں تھی بلکہ اس میں پاکستان کے لیے ان کا جذبہ اور میچ جیتنے کا عزم بھی واضح طور پر دکھائی دیتا تھا۔

واضح رہے کہ 1992 کے ورلڈ کپ فائنل میں وسیم اکرم نے انگلینڈ کے خلاف تین اہم وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

مزیدخبریں