زارا نور عباس اور اسما عباس کا دلکش ڈانس، ماں بیٹی کی ویڈیو نے مداحوں کے دل جیت لیے

11:57 AM, 11 Aug, 2026

لاہور : پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ زارا نور عباس نے اپنی والدہ اور سینئر اداکارہ اسما عباس کے ساتھ ڈانس کی خوبصورت ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس نے مداحوں کی خاص توجہ حاصل کرلی۔

ویڈیو میں ماں بیٹی کی جوڑی کو ہم رنگ روایتی لباس میں مختلف گانوں پر خوشگوار انداز میں رقص کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ دونوں ایک دوسرے کی رفاقت سے محظوظ ہوتی نظر آئیں، جبکہ ان کی باہمی محبت اور بے تکلفی نے سوشل میڈیا صارفین کو بھی متاثر کیا۔

زارا نور عباس نے یہ ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں وہ اسما عباس کے ساتھ معروف موسیقار اے آر رحمٰن سمیت دیگر فنکاروں کے گانوں پر ڈانس کرتی دکھائی دیں۔ ویڈیو کے ساتھ زارا نے ایک جذباتی پیغام بھی تحریر کیا، جس میں انہوں نے اپنی والدہ کے ساتھ اپنے گہرے تعلق اور ان سے غیر محسوس انداز میں سیکھی گئی عادات کا ذکر کیا۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے اپنی والدہ سے ڈانس کے سٹیپس باقاعدہ طور پر نہیں سیکھے، لیکن برسوں کی قربت کے باعث رقص کرتے ہوئے ان کا جسم خود بخود اسما عباس کی حرکات، انداز اور تال کو محسوس کرنے لگتا ہے۔

زارا نے بتایا کہ زندگی کے دوران انہوں نے اپنی والدہ سے بہت سی چھوٹی چھوٹی باتیں بغیر کسی باقاعدہ تعلیم کے سیکھیں، جو آج بھی ان کے رویے اور شخصیت میں دکھائی دیتی ہیں۔

انہوں نے ڈانس سے متعلق ایک دلچسپ اور محبت بھرا واقعہ بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کیا۔ زارا کے مطابق اگر رقص کے دوران ان سے کوئی سٹیپ غلط ہوجائے تو اسما عباس محبت سے ان کے کندھے پر ہاتھ رکھتی ہیں، انہیں اپنے قریب کرتی ہیں اور کہتی ہیں، ’’یہاں میں تمہیں دکھاتی ہوں۔‘‘

زارا کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ آج بھی زندگی کے مختلف معاملات میں اسی شفقت اور محبت کے ساتھ ان کی رہنمائی کرتی ہیں۔

اپنے کیپشن میں اداکارہ نے ماں بیٹی کے رشتے کی خوبصورتی بیان کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں کچھ چیزیں باقاعدہ طور پر سکھائی جاتی ہیں، جبکہ کچھ عادات اور احساسات نسل در نسل منتقل ہوتے رہتے ہیں۔ ان کے لیے والدہ کے ساتھ یہ تعلق زندگی کے خوبصورت ترین رشتوں میں سے ایک ہے۔

ویڈیو کے سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد مداحوں اور شوبز سے وابستہ شخصیات نے بھی ماں بیٹی کی جوڑی کو خوب سراہا۔ اداکارہ حرا مانی نے دل والے ایموجیز کے ذریعے اپنی پسندیدگی کا اظہار کیا، جبکہ حرا خان نے تبصرہ کرتے ہوئے ’’اُف ماں صدقے!‘‘ لکھا۔ حنا آفریدی سمیت دیگر صارفین نے بھی ویڈیو پر محبت اور پسندیدگی کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں