ممبئی : ہالی ووڈ اداکار کرس ایونز نے مارول سنیماٹک یونیورس میں سٹیو راجرز یعنی کیپٹن امریکا کی واپسی اور آنے والی فلم ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ میں اپنے کردار کے بارے میں اہم تفصیلات بیان کی ہیں۔
کرس ایونز نے 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کیپٹن امریکا: دی فرسٹ ایونجر‘ سے سٹیو راجرز کا کردار نبھانا شروع کیا تھا۔ بعد ازاں وہ متعدد مارول فلموں میں کیپٹن امریکا کے روپ میں دکھائی دیے، جبکہ ’ایونجرز: اینڈ گیم‘ کے بعد انہوں نے اس کردار سے وقتی طور پر کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔
اس وقت اداکار کا کہنا تھا کہ وہ اسٹیو راجرز کے کردار کو ایک خوشگوار انداز میں الوداع کہہ چکے ہیں، تاہم ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ کی کہانی نے انہیں ایک بار پھر مارول کی دنیا میں واپسی کے لیے قائل کرلیا۔
فین ایکسپو بوسٹن میں گفتگو کرتے ہوئے کرس ایونز نے بتایا کہ روسو برادرز کو سٹیو راجرز کو مشکل اور آزمائش سے بھرپور حالات میں دیکھنا پسند ہے۔
اداکار کے مطابق روسو برادرز کے نزدیک حقیقی ہیرو وہی ہوتا ہے جو مسلسل مشکلات اور ناکامیوں کا سامنا کرنے کے باوجود دوبارہ اٹھ کھڑا ہو۔ اسی لیے ’ڈومز ڈے‘ میں سٹیو راجرز کو ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ سخت حالات سے گزرنا پڑے گا۔
فلم میں کرس ایونز کے علاوہ رابرٹ ڈاؤنی جونیئر اور کرس ہیمسورتھ بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔ ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ کی دنیا بھر میں ریلیز 18 دسمبر کو مقرر کی گئی ہے۔