کیلیفورنیا: یوٹیوب نے نئے کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے مونیٹائزیشن حاصل کرنے کی شرائط سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کے تحت پلیٹ فارم کے پارٹنر پروگرام میں شامل ہونے کے لیے پہلے کے مقابلے میں زیادہ واچ ٹائم یا شارٹس ویوز درکار ہوں گے۔
امریکی ٹیکنالوجی ویب سائٹ ٹیک کرنچ کے مطابق یوٹیوب کی نئی پالیسی یکم فروری 2027 سے نافذ ہوگی۔ نئی شرائط کے تحت نئے کریئیٹرز کو گزشتہ 365 دنوں کے دوران کم از کم 8 ہزار گھنٹے کا اہل واچ ٹائم مکمل کرنا ہوگا یا 90 روز کے اندر 2 کروڑ اہل یوٹیوب شارٹس ویوز حاصل کرنا ہوں گے۔
موجودہ قواعد کے مطابق یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں شمولیت کے لیے 4 ہزار گھنٹے کا واچ ٹائم یا 90 دنوں میں ایک کروڑ شارٹس ویوز کافی تھے، تاہم سبسکرائبرز سے متعلق شرط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
نئے کریئیٹرز کو بدستور کم از کم ایک ہزار سبسکرائبرز حاصل کرنا ہوں گے، جس کے بعد دیگر مقررہ تقاضے پورے کرنے پر وہ یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
تاہم جو کریئیٹرز پہلے ہی یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ ہیں، ان پر نئی شرائط لاگو نہیں ہوں گی۔
یوٹیوب کے مطابق پلیٹ فارم پر مواد اور ناظرین کی تعداد میں مسلسل اضافے کے باعث مونیٹائزیشن کے معیار میں یہ تبدیلی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں 30 لاکھ سے زیادہ کانٹینٹ کریئیٹرز یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے ذریعے اپنی ویڈیوز سے آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔