اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے انڈونیشین ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں پاکستان اور انڈونیشیا کے دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال، امریکا ایران رابطوں اور دیگر اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
انڈونیشین وزیر خارجہ نے امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے برقرار رکھنے اور پاکستان و انڈونیشیا کے درمیان اہم شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔