پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کی مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق  وارئیر-IXجاری

08:06 PM, 11 Dec, 2025

راولپنڈی:پاک فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق  وارئیر-IX جاری ہے، جو 14 دسمبر تک جاری رہے گی۔ یہ دو ہفتے پر مشتمل مشق 28 نومبر کو شروع ہوئی تھی اور اس کا مقصد دونوں ممالک کی افواج کے درمیان انٹرآپریبلٹی میں اضافہ اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشق میں جدید انسداد دہشت گردی تکنیک، مشترکہ منصوبہ بندی اور آپریشنل کوآرڈینیشن پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

تقریب میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ دیگر سینئر چینی عسکری حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے بھی تقریب میں بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔

شرکاء کو مشق کے مقاصد، دائرہ کار اور مختلف مراحل پر بریفنگ دی گئی، جس کے بعد دونوں ممالک کی افواج نے انسدادِ دہشت گردی سے متعلق مختلف ڈرلز کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران جوانوں کے جذبے، پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ آپریشنل صلاحیتوں کو سراہا گیا۔ “وارئیرIX” پاکستان اور چین کے مضبوط دفاعی تعاون کا عملی مظہر ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک کے عزم کی تجدید ہے۔

مزیدخبریں