واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مئی 2025 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹیرف (محصولات) کو بطور ہتھیار استعمال کرتے ہوئے اس تنازعہ کو کم کیا، اور اگر جنگ نہ رکتی تو وہ مزید تجارتی اقدامات کرنے والے تھے۔
امریکی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے 8 جنگوں کو ختم کرایا، جن میں سے کم از کم 6 جنگیں ٹیرف کے ذریعے رکیں۔ انہوں نے مزید کہا، "میں لوگوں کو مرتے نہیں دیکھنا چاہتا تھا، اس لیے میں نے کہا کہ اگر تم جنگ بند نہیں کرو گے تو تم پر ٹیرف عائد کر دوں گا۔" ٹرمپ کے مطابق، بھارت اور پاکستان کے درمیان حالات اتنے کشیدہ تھے کہ وہ جوہری جنگ میں تبدیل ہو سکتے تھے، اور دونوں ممالک آمنے سامنے تھے۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے ان کے کردار کو سراہا اور اعتراف کیا کہ انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کر کے ایک کروڑ جانیں بچائیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان تین دہائیوں سے جاری تنازع کو ڈیڑھ دن میں ختم کرنے کا بھی دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تنازعے کے دوران بھی انہوں نے متعلقہ ممالک کو واضح پیغام دیا کہ اگر لڑائی جاری رہی تو امریکہ سخت تجارتی اقدامات کرے گا۔
دوسری جانب، امریکی صدر نے ایران کو ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ اگر مذاکرات میں ناکامی ہوئی تو سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران اس بار سنجیدہ مذاکرات کر رہا ہے اور اسے امریکی فوجی طاقت کا اندازہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو امریکہ ایک اور بحری بیڑہ ایران کے قریب تعینات کر سکتا ہے۔