ٹرمپ انتظامیہ کا ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے ایرانی آئل ٹینکرز ضبط کرنے پر غور

12:21 PM, 11 Feb, 2026

واشنگٹن : ٹرمپ انتظامیہ نے ایران پر دباؤ بڑھانے کے لیے مزید ایرانی آئل ٹینکرز ضبط کرنے کے آپشن پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق، اعلیٰ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ایران کی سب سے بڑی آمدنی کا ذریعہ، یعنی تیل کی برآمدات، کو نشانہ بنانا ہے۔

حکام نے بتایا کہ اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو ایران کی معیشت پر نمایاں دباؤ پڑ سکتا ہے۔ تاہم، اس فیصلے کے سامنے کئی رکاوٹیں بھی ہیں، خاص طور پر ایران کی ممکنہ جوابی کارروائی کا خدشہ، جسے امریکی عہدیدار تقریباً یقینی ردعمل سمجھ رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، واشنگٹن کو یہ اندیشہ ہے کہ ایران خطے میں امریکی اتحادیوں کے آئل ٹینکروں کو نشانہ بنا سکتا ہے یا پھر آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھا کر عالمی تیل کی ترسیل کو متاثر کر سکتا ہے۔

ماہرین نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر ایسا کوئی اقدام اٹھایا گیا تو اس سے عالمی تیل کی مارکیٹ میں شدید اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے، اور خطے میں عسکری کشیدگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

مزیدخبریں