بلوچستان میں امن و امان پورے پاکستان کی اولین ترجیح ہے ، مریم نواز

12:10 PM, 11 Feb, 2026

کوئٹہ : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان پورے پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور اگر ہم متحد ہیں تو ہمارا دشمن ہمیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ انہوں نے فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے ہیڈکوارٹرز بلوچستان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف سی کے جوانوں کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ وہ ملک کی حفاظت کے لیے سخت موسمی حالات میں اپنی جان کی بازی لگا کر خدمت کر رہے ہیں۔

مریم نواز نے ایف سی کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے" اور ان کی ماؤں کو سلام پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی فورسز میں خواتین کی شرکت خوش آئند ہے اور پاکستان کی بیٹیاں کسی بھی لحاظ سے کم نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ "اگر ہم مضبوط ہیں تو بدترین دشمن بھی ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔" انہوں نے دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ "ہم نے دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہے" اور "ہم ففتھ جنریشن وار کا مقابلہ مضبوطی سے کریں گے۔"

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دشمن وہ ہے جو ملک کو کمزور کرنے کی کوشش کرتا ہے اور ہمیں اس کے بیانیے کو ٹھوس انداز میں رد کرنا ہے۔ مریم نواز نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت جیسے بڑے دشمن کو شکست دی ہے اور دشمن ہمارے بیانیے کے ذریعے ہماری صفوں میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے بلوچستان میں سکیورٹی کی بہتری کے لیے ایف سی کی استعداد کار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پنجاب میں بھی جرائم کی شرح میں کمی لانے کے لیے فورسز کی استعداد کار بڑھائی گئی ہے۔ پنجاب میں سی سی ٹی وی کی مدد سے گلی گلی اور شاہراہوں کی نگرانی کی جا رہی ہے اور وہاں کے حالات میں بہتری آئی ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ "ہمارے عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں" اور اسلام آباد میں عبادت گاہ پر حملے کے بعد دہشت گردوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ "ماضی میں دہشت گردوں کو لا کر بسایا گیا تھا" اور اب ان کے خلاف مضبوط اور واضح اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے ایف سی کے لیے 10 ارب روپے کی معاونت کا بھی اعلان کیا تاکہ بلوچستان میں سکیورٹی کی بہتری کی جا سکے۔

مزیدخبریں