اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن محمود خان اچکزئی کے پاک فوج سے متعلق بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کا یہ بیان کہ "پاکستان کی فوج صرف چار ضلعوں کی فوج ہے" انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے اور اس سے زیادہ غیر مناسب بات نہیں ہو سکتی۔ وزیر دفاع نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اچکزئی جیسے سیاستدان سے ایسے بیانات کی توقع نہیں کی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج نہ تو کسی خاص صوبے یا ضلع کی فوج ہے، بلکہ یہ پوری قوم کی فوج ہے، جو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روزانہ قربانیاں دے رہی ہے۔ خواجہ آصف نے بتایا کہ بلوچستان میں 200 سے زائد دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ہمیں اپنے مفادات اور اقتدار کی جنگ لڑنے کے بجائے فوج کی قربانیوں کا احترام کرنا چاہیے، جو اپنے خون سے اپنے حلف کی تکمیل کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاستدانوں کے لیے کوئی بھی رائے تبدیل کرنا ممکن ہے، لیکن فوج کے شہداء نے اپنے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں لوگوں کو شناختی کارڈ دیکھ کر قتل کیا جاتا ہے، لیکن اس پر کبھی صوبائیت کا رنگ نہیں چڑھایا گیا۔ انہوں نے محمود اچکزئی کے بیان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کے پاس اعداد و شمار ہوں تو وہ اس بیان کو غلط ثابت کر کے دکھائے۔