لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ پنجاب کی ہر ماں، بہن اور بیٹی کو محفوظ دیکھنا چاہتی ہیں اور ان کا وعدہ ہے کہ وہ صوبے کی بیٹیوں کے ہر خواب کو پورا کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں "کھیلتا پنجاب پنک گیمز" کی پروقار افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے خطاب میں خواتین کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ خاتون گھر سنبھالنے کے ساتھ ساتھ ملک، صوبہ اور وزارت بھی چلا سکتی ہے۔ عورت جہاز اڑانے سے لے کر میدانِ جنگ تک ہر جگہ اپنی مہارت ثابت کر چکی ہے۔ والدین اپنی بیٹیوں پر بھروسہ کریں اور انہیں ان کے خواب پورے کرنے کی اجازت دیں۔
انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ "عورت وزیراعلیٰ بن کر مردوں کو ٹف ٹائم بھی دے سکتی ہے۔وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ حکومت نے رواں سال کو 'یوتھ ایئر' قرار دے دیا ہے۔ رواں برس پنجاب میں جدید ترین 'اسپورٹس سٹی' کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا۔
ہمارا مقصد نوجوانوں کو موبائل فون کی سکرین سے ہٹا کر کھیل کے میدانوں میں واپس لانا ہے۔ 3 ہزار سے زائد طالبات نے ان کھیلوں میں حصہ لیا ہے، اب اس سلسلے کو یونین کونسل کی سطح تک پھیلایا جائے گا۔
مریم نواز نے اپنی حکومت کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت زیادتی کے کیسز میں 72 فیصد واضح کمی آئی ہے۔ہونہار اسکالرشپ' حاصل کرنے والوں میں 60 فیصد لڑکیاں شامل ہیں، جو خواتین کے ٹیلنٹ کا ثبوت ہے۔وزیراعلیٰ نے اہل لاہور کو بسنت کے دوران قانون کی پاسداری پر شاباش دیتے ہوئے کہا صرف سڑکیں بنانا ہی ہماری ذمہ داری نہیں بلکہ اپنی ثقافت کو پروموٹ کرنا بھی حکومت کا کام ہے۔ عوام نے ایس او پیز کے تحت بسنت منائی اور قانون کی ریکارڈ پاسداری کی گئی۔
عورت ملک بھی چلا سکتی ہے اور مردوں کو ٹف ٹائم بھی دے سکتی ہے: مریم نواز کا 'پنک گیمز' کی تقریب سے تاریخی خطاب
04:54 PM, 11 Feb, 2026