لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب نے ٹیکس ٹارگٹ حاصل کرلیا ہے ۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جس کا ٹیکس ریونیو ٹارگٹ سرپلس میں ہے ۔
اپنے بیان میں عثمان بزدار نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پنجاب ریونیو اتھارٹی کی وصولیوں میں 24.7 فیصد اضافہ ہوا ۔ محکمہ ایکسائز کی ٹیکس وصولی کا ٹارگٹ 18 فیصد زیادہ رہا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے معاشی اثرات کم کرنے کیلئے کاروباری افراد کو خصوصی مراعات دی گئیں ہیں ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے صوبے کی معیشت کو اپنی نااہلیوں سے تباہ کر دیا تھا ۔
اس سے قبل آبادی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں عثمان بزدار نے کہا کہ بڑھتی آبادی کے ساتھ تیزی سے بڑھتے مسائل کرہ ارض پر انسانی بقاء کے لئے خطرہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں بے پناہ اضافہ صحت ، تعلیم اور روزگار کے مسائل کو ترویج دیتا ہے ۔ یہ دن آبادی اور وسائل میں توازن کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے ۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بڑھتی آبادی سے متعلقہ مسائل پر قابو پانے کے لئے حکومتی کاوشوں کے ساتھ عوام کا تعاون ناگزیر ہے ۔ بڑھتی آبادی پر قابو پا کر عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل کے تحفظ کیلئے انسانی آبادی کے سونامی کو روکنا ہوگا ۔ آبادی میں اضافے کے تناسب سے وسائل کا فروغ دنیا بھر میں چیلنج بن چکا ہے ۔ سماج میں بہبود آبادی کا شعور بیدار کرنا معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے ۔