توہین الیکشن کمیشن کیس : عمران خان اور فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

11:32 AM, 11 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  ای سی پی نے توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔ 

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان، فواد چودھری اور اسد عمر کے خلاف الیکشن کمیشن کے ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی تاہم چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا۔

سماعت کے دوران اسد عمر کی جانب سے معاون وکیل عمائمہ منصور پیش ہوئیں اور انہوں نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ انور منصور میڈیکل چیک اپ کے لیے چھٹیوں پر ہیں جب کہ اسد عمر بھی میڈیکل چیک اپ کے سلسلے میں مصروف ہیں۔

ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ اس طرح تو ہر مرتبہ سماعت ملتوی نہیں کرسکتے جس پر معاون وکیل نے جواب دیا کہ اسد عمر کئی مرتبہ الیکشن کمیشن میں پیش ہوچکے ہیں۔ ممبر کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ توہینِ عدالت کے کیس میں حاضری لازمی ہوتی ہے۔ اس موقع پر معاون وکیل نے اسد عمر کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کردی۔

ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ اس طرح تو کیس ختم ہی نہیں ہوگا۔ کمیشن نے کیس کی سماعت 25 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی اور فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

مزیدخبریں