نجی ایئرلائن کی غفلت: لاہور سے کراچی جانے والا مسافر جدہ پہنچ گیا

10:32 AM, 11 Jul, 2025

کراچی :  پاکستان کی ایک نجی ایئرلائن کی غفلت کے سبب لاہور سے کراچی جانے والا مسافر غلطی سے جدہ پہنچ گیا۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے اس واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور لاہور ایئرپورٹ منیجر نے اس حادثے کی مکمل ذمہ داری نجی ایئرلائن پر عائد کر دی ہے۔

ایئرپورٹ منیجر نے کہا کہ کراچی جانے والے مسافر کا جدہ پہنچ جانا مکمل طور پر ایئرلائن کی غفلت اور لاپروائی کا نتیجہ تھا۔ انہوں نے اتھارٹی کو ایئرلائن کے خلاف کارروائی کی درخواست بھی دی ہے۔

متاثرہ مسافر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کے سفر کے دوران ایئرپورٹ پر دو طیارے ایک ہی وقت پر موجود تھے، اور اس نے طیارے میں سوار ہونے کے بعد ایئرہوسٹس کو اپنا ٹکٹ بھی دکھایا تھا۔ مسافر کا کہنا تھا کہ ایئرہوسٹس کا فرض تھا کہ وہ اسے غلط طیارے میں سوار ہونے کی اطلاع دیتی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔

مسافر نے مزید بتایا کہ دو گھنٹے بعد جب اس نے عملے سے پوچھا کہ فلائٹ ابھی تک کراچی کیوں نہیں پہنچی، تو عملہ پریشان ہوگیا اور مسافر کو ہی اس کی غلطی کا ذمہ دار ٹھہرا دیا۔ اس نے شکایت کرنے پر بتایا کہ اگر وہ کراچی جانا چاہتا ہے تو اسے وہاں پہنچنے میں دو یا تین دن لگ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، مسافر کو یہ بھی بتایا گیا کہ ایف آئی اے اس واقعے کی تحقیقات کرے گی۔

مزیدخبریں