ابوظہبی : پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا، خصوصاً ورک ویزا میں آسانیاں پیدا کرنے اور امیگریشن کے عمل کو سہل بنانے کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت میں پاکستانی وفد نے یو اے ای کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ شیخ سیف بن زاید النہیان نے کیا۔ محسن نقوی کو وزارت داخلہ پہنچنے پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں پاکستانی شہریوں کو درپیش ویزا مسائل، غیر قانونی امیگریشن اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال کے ذریعے سیکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
شیخ سیف بن زاید النہیان نے پاکستانی حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی شہری یو اے ای کی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں اور ویزا میں نرمی سے انہیں خاطر خواہ فائدہ پہنچے گا۔
محسن نقوی نے اپنے دورہ کے دوران ابوظہبی پولیس کے آپریشن روم اور جدید پولیسنگ نظام کا بھی مشاہدہ کیا اور امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے سیکیورٹی، امیگریشن، اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔