کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں صوبے میں متوقع بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ موسمیات نے آگاہ کیا کہ 17 اور 18 جولائی کو کراچی سمیت سندھ بھر میں معمول سے 10 سے 20 فیصد زیادہ بارش متوقع ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر ایمرجنسی پلان تیار کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی بندوں کی مرمت میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے پی ڈی ایم اے اور بلدیاتی اداروں کو ہنگامی حالات میں تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔
مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ سندھ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے، اور تمام متعلقہ اداروں کو باہم رابطے اور تعاون کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔