خیبرپختونخوا سینیٹ الیکشن میں زیادہ نشستیں جیتنے کی کوشش کریں گے، گورنر فیصل کریم کنڈی

06:38 PM, 11 Jul, 2025

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں خیبرپختونخوا سے زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں، سیاسی ملاقاتیں معمول کا حصہ ہیں۔

گورنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے 30 ارکان نے خود کو آزاد قرار دیا ہے، اور اگر نمبر مکمل ہوئے تو تحریک عدم اعتماد بھی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں اتحاد بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں، تحریک انصاف اس وقت اندرونی اختلافات کا شکار ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن مؤثر اور بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے صوبے میں گورننس کے حوالے سے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں لوٹ مار اور کرپشن کا بازار گرم ہے، جبکہ امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے۔

گورنر کا کہنا تھا کہ گزشتہ 13 سال میں صوبے میں نوجوانوں کے لیے ایک بھی نیا کھیل کا میدان نہیں بنایا گیا، جو باعث افسوس ہے۔

دہشت گردی سے متعلق گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کا استعمال ہو رہا ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے خطرناک ہے۔

مزیدخبریں