اسلام آباد: حکومت نے بیرونِ ملک ہوسٹ کی جانے والی سرکاری ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کو مرحلہ وار پاکستان منتقل کرنے کا منصوبہ تیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری ڈیجیٹل نظام کے تحفظ کو مزید مؤثر بنانا اور سائبر سکیورٹی کو مضبوط کرنا ہے۔
ڈپٹی بیوروچیف اسلام آباد نیو نیوز آمنہ جنجوعہ کاکہنا ہے کہ ذرائع کے مطابق نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے پاکستان انفارمیشن سکیورٹی فریم ورک تیار کر لیا ہے، جس کے تحت سرکاری ویب سائٹس، ایپلی کیشنز اور اہم ڈیجیٹل سروسز کو مقامی ڈیٹا سینٹرز میں منتقل کرنے کے لیے حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی۔
دستاویزات کے مطابق سرکاری ڈیٹا سینٹرز میں جدید فائر والز، سائبر مانیٹرنگ سسٹمز اور سائبر خطرات کی بروقت نشاندہی کرنے والے نظام کی تنصیب کو لازمی قرار دیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے سرکاری ڈیٹا کے تحفظ میں بہتری، سائبر حملوں کے خطرات میں کمی اور قومی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی سکیورٹی مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
سرکاری ویب سائٹس کی پاکستان منتقلی کا فیصلہ، سائبر سکیورٹی فریم ورک تیار
11:55 AM, 11 Jul, 2026