مون سون اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت مکمل تیار، شرجیل میمن

04:27 PM, 11 Jul, 2026

کراچی: سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن نے مون سون، سیلاب اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں مون سون کی تیاریوں اور دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا، جس میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی منصوبہ بندی، بروقت فیصلوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نیکسٹ جنریشن ارلی وارننگ سسٹم اور پریڈکٹو ڈیزاسٹر انٹیلی جنس سسٹم ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں اہم پیش رفت ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی، حقیقی وقت کے موسمیاتی، آبی اور جغرافیائی ڈیٹا کی مدد سے ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی کی جا سکے گی، جس سے انسانی جانوں، بنیادی ڈھانچے اور املاک کے تحفظ میں مدد ملے گی۔

سینئر وزیر نے کہا کہ پاکستان کو گلیشیئرز پگھلنے، اچانک سیلاب، دریائی طغیانی، شدید گرمی اور طویل خشک سالی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی اور مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت متعلقہ محکموں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔ مون سون کے دوران ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری وسائل، مشینری اور امدادی اقدامات کو فعال رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔

مزیدخبریں