اردو کے نامور شاعر قتیل شفائی کی 25ویں برسی، ادبی خدمات کو خراجِ عقیدت

05:57 PM, 11 Jul, 2026

لاہور: معروف اردو شاعر، نغمہ نگار اور ادیب قتیل شفائی کی 25ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ادبی حلقوں کی جانب سے اردو ادب اور فلمی موسیقی کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کو یاد کیا جا رہا ہے۔

قتیل شفائی کا اصل نام محمد اورنگزیب تھا، تاہم انہوں نے ادبی دنیا میں قتیل شفائی کے نام سے شہرت حاصل کی۔ اپنی منفرد شاعرانہ صلاحیتوں، جذبات کی خوبصورت عکاسی اور دل کو چھو لینے والے اندازِ بیان کے باعث وہ اردو ادب کے نمایاں شعرا میں شمار ہوتے ہیں۔

اپنے طویل ادبی سفر کے دوران قتیل شفائی نے اردو شاعری کو بے شمار شاہکار دیے۔ انہوں نے 20 سے زائد شعری مجموعے تخلیق کیے جبکہ پاکستانی فلمی صنعت کے لیے 200 سے زیادہ فلموں میں 900 سے زائد گیت لکھے، جنہیں آج بھی شائقین میں مقبولیت حاصل ہے۔

ان کی شاعری میں محبت، انسانی جذبات، رشتوں کی نزاکت اور معاشرتی حقیقتوں کی بھرپور ترجمانی ملتی ہے، جس نے انہیں قارئین اور موسیقی کے دلدادہ افراد میں منفرد مقام عطا کیا۔

ادب اور فن کے میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے قتیل شفائی کو 1994 میں صدارتی اعزاز برائے حسنِ کارکردگی (پرائیڈ آف پرفارمنس) سے نوازا۔

قتیل شفائی 11 جولائی 2001 کو لاہور میں انتقال کر گئے تھے۔ ان کے الفاظ، شاعری اور تخلیقی کام آج بھی اردو ادب کا قیمتی سرمایہ سمجھے جاتے ہیں اور نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
 
 
 

مزیدخبریں